نئی دہلی: یکم دسمبر(ایس او نیوز / آئی این ایس انڈیا)دہلی ہائی کورٹ نے مرکز کی نریندرمودی حکومت کو جھٹکا دیتے ہوئے کوریکس کف سیرپ، وکس ایکشن 500اور کئی اینٹی بایوٹک دواؤں سمیت 344ایف ڈی سی دواؤں پر پابندی لگانے کے اس کے فیصلے کو آج یہ کہتے ہوئے منسوخ کر دیا کہ یہ قدم غیر منظم طریقہ سے اٹھایا گیا تھا۔جسٹس راجیو سہائے اینڈلا نے فکسڈ ڈوج کا مبینیشن(ایف ڈی سی)دواؤں پر پابندی لگانے سے متعلق مرکز کے 10مارچ کے نوٹیفکیشن کے خلاف فائزر، گلین مارک، پروکٹر اینڈ گیمبل، سپلا جیسی بڑی دواساز کمپنیوں سمیت مختلف گروپوں کی طرف سے دائر 454درخواستوں پر کہا کہ مرکز نے منشیات اور کاسمیٹک ایکٹ کی دفعات کے تحت یہ فیصلہ نہیں کیاہے۔ہائی کورٹ نے کئی بڑی کمپنیوں کی ادویات کو لے کر مرکز کے اس فیصلے پر 14/مارچ کو ہی روک لگا دی تھی۔ہائی کورٹ نے آج کہا کہ 10 /مارچ کو جاری کئے گئے نوٹیفکیشن تک کی کارروائی سے یہ پتہ نہیں چلتا کہ یہ فیصلہ لینا اس وقت بہت ضروری تھا۔اس نے ساتھ ہی کہا کہ ڈرگس اور کاسمیٹک ایکٹ کی دفعہ 26اے میں موجود اختیارات کا استعمال اس وقت تک عوامی مفاد میں نہیں کیا جا سکتا، جب تک کہ یہ صارفین کے لیے کسی طرح کا خطرہ پیدا نہ کرے۔معاملہ کی سماعت کے دوران دواساز کمپنیوں نے کہا کہ حکومت نے دفعہ 26اے میں موجود اختیارات کو پوری طرح نافذ نہیں کیاہے، جس کے تحت پابندی کا یہ حکم دیا گیا تھا۔